Home » ملاقات نہیں عمران خان کا علاج ترجیح،علیمہ خان کی حکومت پر سخت تنقید،وکلا سے آئینی ترامیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل

ملاقات نہیں عمران خان کا علاج ترجیح،علیمہ خان کی حکومت پر سخت تنقید،وکلا سے آئینی ترامیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح عمران خان سے ملاقات نہیں بلکہ ان کا فوری اور موثر علاج ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے اہل خانہ کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں، جس پر انہیں شدید تشویش ہے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے ملاقات کر کے ان کی خیریت معلوم کرنا چاہتی ہیں تاہم سب سے اہم معاملہ ان کے علاج کا ہے،جب سے انہیں عمران خان کی آنکھ سے متعلق مسئلے کی اطلاع ملی ہے،تب سے خاندان پریشانی میں مبتلا ہے،حکام کی جانب سے نہ تو مکمل طبی معلومات دی جا رہی ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے شفافیت اختیار کی جا رہی ہے،جو ان کے مطابق غیر قانونی طرز عمل ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ قوم انہیں بھول جائے گی تاہم پورا ملک آج بھی ان کا انتظار کر رہا ہے۔انہوں نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ وہ  26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے خلاف آواز بلند کریں،عمران خان گزشتہ دو برس سے وکلا کی جانب سے اس حوالے سے عملی اقدام کے منتظر ہیں۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ کیا وہ عمران خان کے علاج کے حوالے سے حکومتی موقف پر یقین کر لیں جبکہ ان کے بقول حکومت میں شامل افراد قابل اعتبار نہیں،عالمی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور موجودہ حکمرانوں کو مستقبل میں جواب دینا ہو گا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ یہ موقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔انہوں نے افغانستان کے تناظر میں کہا کہ پاکستان کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تصادم کے بجائے مذاکرات کی راہ اپنانی چاہیے،ماضی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا اور ہزاروں شہری اور سکیورٹی اہلکار جان سے گئے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان کے خلاف فوجی کارروائی کی گئی تو اس کے نتائج یکطرفہ نہیں ہوں گے،جنگوں کا خمیازہ عام شہریوں،فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو بھگتنا پڑتا ہے،اس لیے خطے کے مسائل کا حل بات چیت میں تلاش کیا جانا چاہیے۔ایران سے متعلق ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ مسلم دنیا کو باہمی اختلافات کے بجائے اتحاد کی ضرورت ہے،عمران خان طویل عرصے سے یہ کہتے آئے ہیں کہ مسلم ممالک کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں اور آج کے حالات میں اس موقف کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات میں قید ہیں اور ان کی صحت،جیل میں سہولیات اور قانونی حقوق کے حوالے سے سیاسی درجہ حرارت مسلسل بلند ہے۔ حکومتی موقف کے مطابق انہیں قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاہم اہل خانہ اور پارٹی رہنماوں کی جانب سے اس دعوے کی تردید کی جاتی رہی ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق عمران خان کی صحت اور قانونی صورتحال آنے والے دنوں میں ملکی سیاست کا مرکزی موضوع بنی رہ سکتی ہے جبکہ وکلا برادری اور اپوزیشن جماعتوں کا ممکنہ ردعمل بھی اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز