دبئی(ایگزو سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے فائنل معرکے کا دن آن پہنچا ہے اور دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی،اس تاریخی ٹاکرے کو لے کر دونوں ملکوں کے شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے جبکہ کھلاڑیوں پر بھی دباو اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم میں فائنل کے لیے کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور پاکستانی سکواڈ وننگ کمبینیشن برقرار رکھتے ہوئے دو فاسٹ بالرز اور سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔دوسری جانب بھارتی ٹیم نے بھی بھرپور تیاری کی ہے اور اس بار بھی ان کا انحصار مضبوط بیٹنگ لائن پر ہو گا جبکہ پاکستان کو اپنی بالنگ سے امیدیں وابستہ ہیں۔پاکستانی کپتان سلمان آغاز نے میچ سے قبل کہا ہے کہ دباو دونوں ٹیموں پر یکساں ہوگا اور وہ صرف جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حتمی سکواڈ کا فیصلہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق ایشیا کپ وائٹ بال فارمیٹ میں بھارت کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے۔ اب تک دونوں ٹیمیں 20 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے صرف چھ جبکہ بھارت نے 12 میچ جیتے ہیں۔ایشیا کپ ون ڈے کے 15 مقابلوں میں بھارت آٹھ اور پاکستان پانچ میں کامیاب ہوا ہے۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے پانچ میچوں میں بھارت نے چار جبکہ پاکستان نے صرف ایک میچ اپنے نام کیا ہے۔دبئی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں بھارت نے تین اور پاکستان نے دو میں فتح حاصل کی۔ایشیا کپ کے فائنل سے قبل ایونٹ کی انعامی رقم میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ 50 ہزار ڈالر کے اضافے کے بعد فاتح ٹیم کو اب تین لاکھ ڈالر کی خطیر رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ ڈالرز ملیں گے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج کا میچ شاندار ہو گا،کھلاڑیوں کے جذبے پر فخر ہے اور امید ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔ہیسن کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اس بڑے مقابلے کا سبھی کو بے صبری سے انتظار ہے۔دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو خصوصی پیغام بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف بڑے فائنل میں کھل کر کھیلیں،بھارتی ٹیم کا بھرپور مقابلہ کریں اور اپنی پوری صلاحیت کا مظاہرہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں،باقی تمام معاملات وہ خود دیکھ لیں گے۔یوں دبئی کرکٹ سٹیڈیم آج ایک تاریخی لمحے کا گواہ بننے جا رہا ہے، جہاں ایشیا کپ کے پہلے پاک بھارت فائنل میں صرف ٹرافی ہی نہیں بلکہ فخر،روایات اور کروڑوں دلوں کی دھڑکنیں داو پر لگی ہیں۔
ایشیا کپ فائنل،پاک بھارت پہلی بار آمنے سامنے،دبئی میں تاریخ رقم ہونے کو تیار
6