اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کے تحت پولنگ کے اختتام کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جبکہ ابتدائی غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں بعض نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو برتری حاصل ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق گجرات میں حلقہ ایل اے 38 جموں 5 کے 37 پولنگ اسٹیشنز کے ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار زیشان یونس ٹانڈہ 3 ہزار 959 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں جبکہ مسلم لیگ (ق) کے امیدوار چوہدری اکبر ابراہیم 3 ہزار 521 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔اسی طرح گوجرانوالہ میں حلقہ ایل اے 35 جموں 2 کے 20 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد اسماعیل گجر 2 ہزار 664 ووٹ کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار سردار غیاث خان 869 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے حلقوں اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ کا انعقاد کیا گیا تاہم موسم کی خرابی،شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بعض علاقوں میں انتخابی عمل متاثر ہوا۔الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 میں تمام 196 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ملتوی کردی گئی کیونکہ خراب موسمی حالات کے باعث انتخابی عملہ اور سامان بروقت نہیں پہنچ سکا۔اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اسی طرح حلقہ 2 لچھراٹ کے بعض پولنگ سٹیشنز پر بھی پولنگ کا عمل ملتوی کیا گیا،جہاں ووٹرز اپنا حق رائے دہی 4 اگست کو استعمال کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی۔کراچی میں جموں ون اور کشمیر ویلی ون کی نشستوں کے لیے پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی مہاجرین کی متعدد نشستوں پر ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔انتخابی عمل کے دوران وادی نیلم میں ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا،جہاں ووٹ ڈال کر واپس آنے والی گاڑی بجلی کی تار سے ٹکرا گئی،جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں 7 خواتین اور ایک ڈرائیور شامل ہیں،جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر آزاد کشمیر میں بعض حلقوں میں پولنگ کے دوران سیاسی کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن پر مبینہ دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انتخابی عمل کو شفاف قرار دیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جبکہ حکومتی حلقوں کی جانب سے انتخابات کے پرامن انعقاد کا دعویٰ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں کے لیے لاکھوں ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔پولنگ کا وقت شام 5 بجے تک مقرر تھا تاہم ووٹرز کی بڑی تعداد کے پیش نظر بعض علاقوں میں وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کی گئی۔اب ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ حتمی نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کے مقررہ طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا۔