Home » آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ،کہیں پولنگ ختم تو کہیں توسیع،بارش نے نظام درہم برہم کر دیا،دھاندلی کے الزامات بھی گونج اٹھے

آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ،کہیں پولنگ ختم تو کہیں توسیع،بارش نے نظام درہم برہم کر دیا،دھاندلی کے الزامات بھی گونج اٹھے

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی بارہ نشستوں پر پولنگ کا وقت مقررہ شیڈول کے مطابق ختم ہو گیا، جبکہ مظفرآباد ڈویژن کے آٹھ حلقوں میں ووٹنگ کے عمل کو ایک گھنٹہ اضافی وقت دے دیا گیا۔انتخابی حکام کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہونے والا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہا تاہم پولنگ سٹیشنز کے اندر موجود ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔
ایگزونیوز کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے ستائیس میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوا،جس کے نتیجے میں اس حلقے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی۔الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی بندش کے باعث عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا،جس کے باعث اب اس حلقے میں چار اگست کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔انتخابات کے اس مرحلے میں مجموعی طور پر اکیس نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی،جن میں مظفرآباد ڈویژن کی نو اور مہاجرین کی بارہ نشستیں شامل تھیں۔مظفرآباد ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد آٹھ لاکھ پچانوے ہزار سے زائد ہے،جن میں مرد اور خواتین ووٹرز کی بڑی تعداد شریک رہی۔

دوسری جانب پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر چار لاکھ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔شفاف اور پرامن انتخابی عمل کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار چار سو تراسی پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے،جن میں بڑی تعداد کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔مہاجرین کی نشستوں کے لیے بھی ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا،جس کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونا شروع ہوں گے۔

دوسری طرف سیاسی درجہ حرارت اس وقت مزید بڑھ گیا جب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انتخابی عمل میں دھاندلی اور دباو کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بعض واقعات میں پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا،جن کی فوری تحقیقات اور ذمہ داران کی گرفتاری ضروری ہے۔پیپلز پارٹی نے مختلف حلقوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ انتخابی نتائج سے قبل ہی سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز