Home » افواہیں حقیقت بن گئیں؟الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ،امن و امان خدشات پر پونچھ اور پلندری میں پولنگ اچانک ملتوی،نیا شیڈول جلد متوقع

افواہیں حقیقت بن گئیں؟الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ،امن و امان خدشات پر پونچھ اور پلندری میں پولنگ اچانک ملتوی،نیا شیڈول جلد متوقع

by ahmedportugal
31 views
A+A-
Reset

مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایک غیر متوقع پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال پر سنگین خدشات کے باعث ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے متعدد حلقوں میں پولنگ اچانک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس فیصلے کے بعد انتخابی عمل میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ شیڈول حالات کا جائزہ لینے کے بعد جلد جاری کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں جاری عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران الیکشن کمیشن نے ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پولنگ ملتوی کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے،جس کے بعد انتخابی عمل میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ان دونوں اضلاع میں 10 اگست کو شیڈول کے مطابق ووٹنگ نہیں ہوگی تاہم ضلع باغ کے تین حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ بدستور مقررہ تاریخ پر ہی منعقد کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات،مقامی حالات اور مختلف سیاسی شخصیات و امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل کو آزادانہ،منصفانہ اور پرامن ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق ملتوی کیے گئے حلقوں کے لیے نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پونچھ ڈویژن میں پولنگ ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا اور ووٹرز کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ تمام حلقوں میں پولنگ 10 اگست کو ہی ہوگی تاہم بدلتی ہوئی صورتحال اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے باعث اب بعض حلقوں میں انتخابات کو موخر کرنے کا باضابطہ فیصلہ سامنے آ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں گزشتہ دو ماہ سے جاری احتجاج،کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپوں نے پہلے ہی غیر یقینی صورتحال پیدا کر رکھی تھی،جس میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے مزید اضافہ کیا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے مستند معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور جہاں پولنگ شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے وہاں اپنے حق رائے دہی کا استعمال یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ انتخابات کے ابتدائی دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں،جن میں مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل رہی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بعض حلقوں میں نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کر رکھا ہے،جس کے باعث انتخابی ماحول پہلے ہی سیاسی کشیدگی کا شکار ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز