کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور صوبہ سندھ کے وزیر شرجیل انعام میمن نے آزاد کشمیر کے انتخابی ماحول پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ مبینہ طور پر اپنی ممکنہ شکست کو دیکھتے ہوئے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے لیے غیر جمہوری اور جارحانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،مسلم لیگ ن اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں کو لگام دے،زبردستی اور دھونس سے ن لیگ کو کشمیر میں الیکشن چوری کرنے نہیں دیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے کارکن انتخابی ماحول کو خراب کرنے میں ملوث ہیں اور طاقت کے استعمال کے ذریعے نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی جماعت کو زبردستی یا دباو کے ذریعے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پیپلز پارٹی رہنما نے ایک حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی جماعت کے ایک کارکن کے قتل میں بھی ن لیگ کے عناصر ملوث ہیں،جسے انہوں نے پارٹی کی ”فاشسٹ روایت“کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے ہر کوئی بکاؤ مال ہے،لالچ دے کر وہ سب کو خرید سکتے ہیں،ن لیگ کے گلو بٹوں نے پیپلز پارٹی کے ایک ورکر کو شہید کرکے اپنی فاشسٹ روایت کو برقرار رکھا۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ن لیگ پرانی روش اپناتے ہوئے مبینہ طور پر مالی اور سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ماضی کی طرح ایک بار پھر انتخابی نتائج کو متنازع بنانے کی فضا پیدا کی جا رہی ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور اسلحے کے استعمال جیسے سنگین معاملات پر خاموشی اختیار کرنا تشویشناک ہے۔ان کے مطابق ایسے رویے نہ صرف انتخابی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہیں بلکہ جمہوری عمل کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔شرجیل انعام میمن نے زور دیا کہ کشمیری عوام باشعور اور پرامن ہیں اور وہ کسی بھی قسم کے دباو یا دھونس کو مسترد کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور کسی کو بھی خطے کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کشمیر الیکشن میں کشیدگی عروج پر،شرجیل میمن نے ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
13