مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر میں جاری سیاسی و عوامی کشیدگی کے دوران وزیرِاعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ریاست اپنی رٹ ہر صورت قائم کرے گی اور احتجاجی قیادت کو پہلے احتجاج ختم کرنے کا دوٹوک پیغام دیا گیا ہے،موجودہ صورتحال ایک امتحان سے کم نہیں لیکن حکومت تمام دستیاب آئینی و انتظامی ذرائع استعمال کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی یقینی بنائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست اپنی رٹ ہر صورت قائم کرے گی اور موجودہ صورتحال ایک امتحان سے کم نہیں،آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش نہیں اور حکومت حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک بڑا سانحہ ہے اور ماضی میں بھی مذاکرات کے دوران افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ان کے مطابق بعض عناصر نے مفاہمتی عمل میں حکومت آزاد کشمیر کے کردار کو تسلیم کرنے سے انکار کیا،جس کے باعث مذاکراتی عمل متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ آزاد کشمیر حکومت کے بجائے وفاق سے بات کرنا چاہتی ہے،جس کے بعد اب تمام تر تنقید حکومت پر کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر بھی پیش رفت ہوئی ہے اور بجٹ میں بعض معاملات شامل کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے زور دیا کہ ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی اور احتجاجی قیادت سے کہا کہ وہ اپنی کال آف کرے،اس کے بعد ہر طرح کے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں غیر مشروط مذاکرات آگے بڑھانا ممکن نہیں۔خواتین اور بچوں کو احتجاج کا حصہ بنانے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ جذباتی نعروں اور وعدوں کے ذریعے متاثر ہوتے ہیں اور انہیں حقیقت کا مکمل ادراک نہیں ہوتا۔