مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے قافلے میں شامل پولیس اسکواڈ کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد اہلکار اور راہ گیر زخمی ہو گئے۔ حادثہ آزاد کشمیر کے علاقے چھانجل کراس کے قریب پیش آیا،جہاں پولیس گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا قافلہ خورشید آباد سے فارورڈ کہوٹہ کی جانب رواں دواں تھا کہ قافلے میں شامل پولیس سکواڈ کی ایک گاڑی تیز موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور حادثے کا شکار ہو گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل انصار اقبال شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔حادثے میں پولیس کے دیگر اہلکار بھی زخمی ہوئے، جن میں ایس ایچ او برکت راٹھور سمیت 5 سے 6 اہلکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چند راہ گیر بھی زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد کی مدد سے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ پر کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر حادثہ تیز رفتاری اور خطرناک موڑ کے باعث پیش آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے کو پیش آنے والے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ جاں بحق اہلکار کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے قافلے کو حادثہ،پولیس گاڑی کھائی میں جا گری،اہلکار شہید،متعدد زخمی
11