اسلام آباد(ایگزو نیوزڈیسک)آزاد جموں و کشمیر حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ایک اہم اور سخت فیصلہ کرتے ہوئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے چار مطلوب افراد کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کر دیا ہے۔ حکومتی اقدام کا مقصد مطلوب افراد کی گرفتاری میں تیزی لانا اور قانون کی عملداری کو موثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکومت آزاد جموں و کشمیر نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے چار مطلوب افراد کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔یہ فیصلہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر کیا گیا ہے تاکہ مطلوب افراد کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق انعامی فہرست میں شوکت نواز میر،عمر نذیر کشمیری،خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان کے نام شامل ہیں،جن کی گرفتاری یا ان کے بارے میں موثر معلومات فراہم کرنے والے فرد کو دس ملین روپے(ایک کروڑ روپے)انعام دیا جائے گا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اطلاع فراہم کرنے والے شخص کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا تاکہ معلومات دینے والوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور وہ بلا خوف و خطر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کر سکیں۔محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے انعامی سکیم پر فوری اور موثر عملدرآمد کے لیے انسپکٹر جنرل پولیس کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مطلوب افراد کی گرفتاری میں پیش رفت کو تیز کرنا اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایسے اقدامات خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔