Home » آزاد کشمیر میں عوامی مطالبات پر عملی پیش رفت،جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے 39 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد کی تفصیلات جاری

آزاد کشمیر میں عوامی مطالبات پر عملی پیش رفت،جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے 39 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد کی تفصیلات جاری

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے 39 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کر دی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم سیکرٹریٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفادات سے جڑے مسائل کے حل میں موجودہ حکومت نے کسی قسم کی تاخیر نہیں کی اور جن مسائل کی بنیاد پر عوام سڑکوں پر آئے تھے، ان کے حل کے لیے معاہدے پر عملدرآمد کو اولین ترجیح دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بات مفروضات پر مبنی نہیں بلکہ تمام اقدامات حقائق اور عملی پیش رفت کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران عوام اور حکومت کے درمیان جو فاصلے پیدا ہوئے تھے، موجودہ عوامی حکومت نے انہیں ختم کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست بھی ہماری ہے، عوام بھی ہماری ہے اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان بھی ہمارے بھائی ہیں، بڑے سے بڑا مسئلہ بھی بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ گفتگو حقائق پر مبنی ہو۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ہر وہ قدم اٹھایا جو ممکن تھا، جہاں کوتاہیاں تھیں انہیں دور کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق سوا ماہ کے مختصر عرصے میں عوام میں سیاسی اعتماد کی بحالی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، حکومت نے دو ڈویڑنز کے دورے کیے جہاں عوام نے بھرپور استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورننس میں بہتری، شفاف انتخابات، سرمایہ کاری کانفرنس اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور وزیراعظم آفس، وزرا اور بیوروکریسی کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں۔اس موقع پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے معاہدے کی شق وار تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شق نمبر ایک کے تحت 192 میں سے 177 ایف آئی آرز واپس لی جا چکی ہیں جبکہ ہلاکتوں سے متعلق 15 ایف آئی آرز کے جائزے کے لیے کابینہ کی منظوری کے بعد ہائیکورٹ میں دو عدالتی کمیشنز کے قیام کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یکم اور دو اکتوبر 2025 کے واقعات میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین کو معاوضے ادا کر دیے گئے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو محکمہ برقیات میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مظفرآباد اور پونچھ ڈویڑن کے لیے دو نئے تعلیمی بورڈز کے قیام، ہیلتھ کارڈ کے اجرا، اضلاع میں ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینوں کی تنصیب، بجلی کے نظام کی اپ گریڈیشن اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی نمایاں پیش رفت کی جا چکی ہے۔چوہدری قاسم مجید نے بتایا کہ میرپور انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قیام، واٹر سپلائی سکیمز، پلوں کی تعمیر، ٹرانسپورٹ پالیسی، تعلیمی اداروں میں اوپن میرٹ داخلے، بجلی ٹیرف میں اصلاحات، آٹے کے معیار میں بہتری، سیلولر انٹرنیٹ سروسز، گاربیج سگریگیشن، طلبہ یونین کی بحالی، بجلی چوری کے خلاف اقدامات اور بینک آف آزادکشمیر کو شیڈول بینک بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات مکمل یا آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ اینڈ ایمپلیمنٹیشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور حکومت پاکستان، صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور قومی اداروں کے تعاون پر حکومت آزادکشمیر شکر گزار ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز