مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے مرحلہ وار شیڈول جاری کر دیا گیا ہے،جس کے تحت ووٹنگ تین مراحل میں منعقد ہو گی جبکہ ہر مرحلے کے نتائج اسی روز جاری کیے جائیں گے،انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں اور پولنگ کے دوران پاک فوج مکمل نگرانی کرے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے نیا انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پولنگ کا آغاز 27 جولائی سے ہو گا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)غلام مصطفیٰ مغل نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو ووٹنگ ہوگی،دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفر آباد ڈویژن اور مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں میں پولنگ ہو گی جبکہ تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویڑن میں 10 اگست کو انتخابات منعقد ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں بھی 2 اگست کو ووٹنگ ہوگی جبکہ مرحلہ وار انتخابات کے نتائج اسی روز شام تک جاری کر دیے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات ملتوی کرنے کی تمام درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں اور پولنگ مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 33 لاکھ 65 ہزار 839 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے،جن میں 17 لاکھ 53 ہزار 933 مرد اور 16 لاکھ 11 ہزار 906 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ڈویژن وار نشستوں کے مطابق میرپور میں 13،مظفرآباد اور مہاجرین کے لیے 21 جبکہ پونچھ ڈویژن میں 11 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار انتخابات کا فیصلہ سکیورٹی،انتخابی عملے کی موثر تعیناتی اور انتخابی عمل کی بہتر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات پاک فوج کی نگرانی میں منعقد ہوں گے جبکہ عالمی مبصرین اور میڈیا کو بھی مکمل رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں،امیدواروں اور ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں،انتخابی مہم کو پرامن رکھیں اور جمہوری عمل کے استحکام کے لیے اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔