اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا،جس کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی ہے جبکہ انتخابی نتائج کی وصولی اور ترسیل کا مرحلہ بھی مرحلہ وار جاری ہے۔الیکشن حکام کے مطابق ابتدائی طور پر غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہوں گے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی جانب سے ووٹر ٹرن آوٹ اور سیاسی جماعتوں کی درخواست پر شام 5 بجے کے بعد پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کی گئی تھی،جس کے بعد شام 6 بجے پولنگ کا عمل باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا۔انتخابات کے دوران میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں 288 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا،جہاں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت سیاسی مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی جبکہ استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدوار بھی میدان میں موجود رہے۔الیکشن حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں میرپور،بھمبر اور کوٹلی اضلاع میں ووٹنگ ہوئی،جہاں مجموعی طور پر 14 لاکھ سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔انتخابی عمل کے لیے 2 ہزار 316 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے،جن میں بڑی تعداد کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،میرپور ڈویژن میں ہزاروں پولیس اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج کے جوان بھی سیکیورٹی فرائض پر مامور رہے تاہم پولنگ کے دوران بھمبر کے علاقے میں ایک پولنگ سٹیشن پر ہنگامہ آرائی کا واقعہ بھی پیش آیا،جہاں شرپسند عناصر نے مبینہ طور پر پولنگ باکس چھین کر اسے آگ لگا دی۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق متاثرہ بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے باعث دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ ضابطے کے مطابق کیا جائے گا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر دیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں افسران مقررہ پولنگ سٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ پر چلے گئے تھے،جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز تحویل میں لے کر نئے عملے کی تعیناتی عمل میں لائی۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل میں غفلت،بے ضابطگی یا قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شفاف انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس(ر)غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے بھی کہا کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے متحرک رہے۔آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں پولیس فوری کارروائی کرے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انتخابات کے دوران بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے شکایات اور الزامات بھی سامنے آئے تاہم الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام معاملات کو قانون اور انتخابی قواعد کے مطابق حل کیا جائے گا۔اب تمام نظریں ووٹوں کی گنتی اور آنے والے غیر حتمی نتائج پر مرکوز ہیں۔