مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر میں سیاسی میدان گرم ہونے لگا ہے جہاں عام انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی بگل بج چکا ہے اور 27 جولائی کو فیصلہ کن معرکے کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے، جس کے بعد خطے میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی اور درجہ حرارت میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت قانون ساز اسمبلی کی 33 نشستوں اور مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر پولنگ 27 جولائی کو ہوگی، جبکہ انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ممبران الیکشن کمیشن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوج اور رینجرز کو بھی طلب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 9 جون سے 19 جون تک جمع کروائے جا سکیں گے، جبکہ ان کی جانچ پڑتال 20 جون کو ہوگی۔ اسی روز امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی سے متعلق اعتراضات پر اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی، جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے 28 اور 29 جون کو سنائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 29 جون تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ یکم جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ 2 جولائی کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، جس کے بعد انتخابی مہم اپنے عروج میں داخل ہو جائے گی۔حکام کے مطابق انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے تمام انتظامی اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ پولنگ کے روز سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو جائیں گی اور مختلف جماعتیں بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کریں گی، جس سے خطے میں سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں انتخابی بگل بج گیا،27 جولائی فیصلہ کن دن،فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ،سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا
9