Home » ایچی سن بمقابلہ دانش سکول،پاکستان کے باصلاحیت بچوں کیلئے بڑا اعلان،شہباز شریف کا مالی مشکلات کو تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دینے کا عزم

ایچی سن بمقابلہ دانش سکول،پاکستان کے باصلاحیت بچوں کیلئے بڑا اعلان،شہباز شریف کا مالی مشکلات کو تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دینے کا عزم

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے بچے بے پناہ صلاحیتوں اور ذہانت کے مالک ہیں،حکومت کی کوشش ہے کہ کوئی باصلاحیت طالب علم صرف مالی وسائل کی کمی کے باعث معیاری تعلیم سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے انہیں جدید تعلیم،مہارتوں اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
ٰٓایگزو نیوز کے مطابق نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے،یہی نوجوان ملک کی ترقی،خوشحالی اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل کو ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرے جہاں ان کی صلاحیتیں بروئے کار آسکیں اور وہ قومی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔شہباز شریف نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ پنجاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان تعلیم کے میدان میں دیگر ممالک سے پیچھے نہ رہے اور ہر بچے کو اس کی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع ملے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بچے انتہائی قابل اور ذہین ہیں،انہیں صرف مناسب مواقع،وسائل اور رہنمائی کی ضرورت ہے،معاشی مشکلات کسی بچے کی صلاحیت اور مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔انہوں نے دانش سکولز کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے ایسے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے جن کے والدین مہنگے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف صاحبِ حیثیت خاندانوں کے بچے مہنگے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب غریب خاندانوں کے باصلاحیت بچے بنیادی تعلیمی مواقع سے بھی محروم رہ جاتے ہیں،اس فرق کو ختم کرنا ضروری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایچی سن کالج جیسے مہنگے تعلیمی اداروں کے اخراجات ہر خاندان برداشت نہیں کرسکتا،اس لیے دانش سکولز کا مقصد یہ ہے کہ غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے وہ مواقع میسر آئیں جو عام طور پر صرف صاحبِ حیثیت طبقے تک محدود سمجھے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دانش سکولز کا دائرہ کار بلوچستان،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک بھی وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستحق طلبہ کو بھی بہتر تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جدید علوم اور ہنرمندی کے ذریعے نکھارنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔گزشتہ سال ایک ہزار طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر چین بھیجا گیا جبکہ رواں سال بھی مزید پاکستانی طلبہ کو میرٹ پر چین بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کی تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ نوجوان ہی پاکستان کو معاشی اور علمی میدان میں آگے لے جاسکتے ہیں۔حکومت کی ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم،ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم تک رسائی فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا کوئی بھی باصلاحیت بچہ صرف غربت یا مالی مشکلات کی وجہ سے اپنے تعلیمی سفر سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کے بچوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دینا ہی ایک مضبوط،تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور ریاست،معاشرے اور نجی شعبے کو مل کر ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی جن کے ذریعے ملک کے ہر بچے اور نوجوان کو اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا موقع مل سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز