لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈرامہ انڈسٹری کی عالمی کامیابی کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ فلمی صنعت کو بھی اسی طرز پر ترقی دی جائے۔ انہوں نے سینما انڈسٹری کی بحالی کے لیے حکومتی سطح پر بڑے منصوبوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ معیاری فلم سازی کے فروغ، جدید سہولیات کی فراہمی اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے ذریعے اس شعبے کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلمی صنعت کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری فلمیں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں،اسی لیے فلمسازی کے شعبے کو دوبارہ فعال بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینما انڈسٹری کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،جس کے تحت فلم سٹی میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی فلمسازوں کو بہتر ماحول میسر آ سکے،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فلم فنڈ کے تحت منصوبوں کے انتخاب میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا،سکرپٹ، کاسٹ اور تمام تخلیقی پہلووں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلے کیے گئے جس میں کسی قسم کی پسند و ناپسند شامل نہیں تھی،نوجوان فلم سازوں،شارٹ فلم اور ڈاکومنٹری بنانے والوں کو بھی مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ نئی صلاحیتوں کو آگے آنے کا موقع ملے،اب ذمہ داری فلم سازوں پر ہے کہ وہ معیاری اور موثر فلمیں بنا کر ناظرین کا اعتماد بحال کریں اور انہیں دوبارہ سینما گھروں تک لے آئیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈرامے دنیا بھر میں مقبول ہیں،اب وقت آ گیا ہے کہ اسی معیار کی فلمیں بھی تیار کی جائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو موبائل اور ٹچ سکرینز سے نکال کر سینما گھروں کی طرف راغب کرنا ضروری ہے تاکہ نہ صرف تفریح کے روایتی ذرائع بحال ہوں بلکہ فلمی صنعت کو بھی فروغ ملے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے اور باصلاحیت ہدایت کار فلمی دنیا میں جدید سوچ اور موضوعات لے کر آئیں جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے بھی فلم انڈسٹری کو ایک نئی جہت دی ہے۔تقریب کے دوران انہوں نے ایک نئے ڈرامہ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ”پنکی“ کے موضوع پر ڈرامہ بنانے کا اعلان کیا جا چکا ہے تاہم ان کے مطابق یہ ایک ایسا موضوع تھا جس پر فلم بھی بنائی جا سکتی تھی۔آج کے ڈیجیٹل دور میں کامیابی صرف فلم بنانے میں نہیں بلکہ عالمی معیار کی کوالٹی فراہم کرنے میں ہے،اگر ہمیں اپنی فلموں کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک لے جانا ہے تو ہمیں معیاری مواد،مضبوط کہانی اور اعلیٰ پروڈکشن ویلیو پر توجہ دینا ہوگی،ہمارے معاشرے میں بے شمار ایسے موضوعات موجود ہیں جو بغیر غیر ضروری گلیمر اور بھاری بجٹ کے بھی ناظرین کے دل جیت سکتے ہیں،ایک سادہ مگر مؤثر کہانی بھی معاشرے پر گہرا اثر چھوڑ سکتی ہے اور یہی مریم نواز شریف کے فلم فنڈ کی حقیقی کامیابی ہوگی۔