کابل(ایگزو نیوز ڈیسک)افغان حکومت نے ایک اہم سفارتی قدم اٹھاتے ہوئے بھارت میں اپنا پہلا سینئر نمائندہ تعینات کر دیا ہے۔ نور احمد نور بطور ناظم الامور نئی دہلی پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، یہ پیش رفت دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

ایگزو نیوز کے مطابق افغانستان کی طالبان حکومت نے بھارت میں اپنے پہلے سینئر سفارتی نمائندے کی تعیناتی کر دی ہے۔ مفتی نور احمد نور بطور ناظم الامور (چارج ڈی افیئرز) نئی دہلی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔افغان سفارتخانے کے مطابق نور احمد نور نے بھارتی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری آنند پرکاش سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سیاسی اور اقتصادی تعلقات، تجارتی مواقع، ویزا کی سہولیات، بھارت میں مقیم افغان تاجروں، طلبہ اور دیگر افغان شہریوں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دو طرفہ تعاون کے دائرے کو وسیع کرنے پر زور دیا۔ افغان سفارتخانے نے کہا کہ یہ تعیناتی افغانستان کی خارجہ پالیسی میں نئی سمت اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے عزم کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ یہ اقدام طالبان حکومت کی جانب سے بھارت میں سفارتی موجودگی کو باقاعدہ اور فعال بنانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔