Home » راولہ کوٹ میں نہتے لوگوں پر گولیاں چلانے کا الزام،محمود اچکزئی نے انسانی حقوق کی صورتحال پر خطرے کی گھنٹی بجا دی

راولہ کوٹ میں نہتے لوگوں پر گولیاں چلانے کا الزام،محمود اچکزئی نے انسانی حقوق کی صورتحال پر خطرے کی گھنٹی بجا دی

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے راولاکوٹ میں جاری صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا اور نہتے افراد پر فائرنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق،جمہوری آزادیوں اور قانون کی حکمرانی سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےملک کے مجموعی سیاسی، آئینی اور علاقائی حالات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان،گلگت بلتستان اور کشمیر سے متعلق اہم معاملات پر پارلیمان اور عوام کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا،جس کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ موجودہ حالات انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ ملک کو درپیش بڑے چیلنجز پر منتخب نمائندوں،سیاسی جماعتوں اور عوام کے ساتھ موثر مشاورت نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان،سینیٹ اور صوبائی اسمبلیاں موجود ہونے کے باوجود قومی نوعیت کے معاملات پر عوام کو یہ نہیں بتایا جا رہا کہ مشکل حالات میں ریاستی حکمتِ عملی کیا ہے اور ملک کس سمت آگے بڑھ رہا ہے۔

محمود اچکزئی نے آزاد کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے مطالبات جمہوری حقوق،انصاف اور قانون کی حکمرانی سے متعلق ہیں،عوام مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کے خلاف پرامن احتجاج کر رہے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اور دیگر سیاسی جماعتوں،جن میں مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہیں،نے صورتحال کو بہتر بنانے اور مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالنے کی کوشش کی تاہم انہیں وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کے راستے بند کر دیے گئے۔

اپوزیشن لیڈر نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران جانی نقصان ہوا اور بعض اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،سامنے آنے والی بعض ویڈیوز میں نہتے افراد کو فائرنگ سے بچنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے،جن کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔محمود اچکزئی نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان ایسے واقعات کی سخت مذمت کرتی ہیں اور مطالبہ کرتی ہیں کہ انسانی جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے۔انہوں نے ملک کے تمام سیاسی حلقوں،جمہوری قوتوں اور انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز