لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے فیصل ٹاون میں پولیس نے شہری کی مدعیت میں ایک سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں مبینہ طور پر ڈی ایس پی اظہر نوید خان کے بیٹے سمیت دیگر افراد پر اغوا، تشدد اور مالی لوٹ مار کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شہری نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسے زبردستی اغوا کیا اور قربان لائنز منتقل کیا، جہاں اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔مدعی کے مطابق ملزمان میں حمزہ خان اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں، جنہوں نے اسے یرغمال بنا کر اس کے اکاونٹ سے رقم بھی منتقل کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن فیصل ٹاون نے بتایا کہ نامزد ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے تاہم ان کی ضمانت منسوخی کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی ڈی ایس پی اظہر نوید اور ان کے بیٹے پر مالی فراڈ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہو چکا ہے،جس میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی رقوم سے متعلق تنازع سامنے آیا تھا۔بعد ازاں انکوائری رپورٹس میں بھی سنگین نوعیت کے مالی الزامات کا ذکر سامنے آیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ کیس کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔