بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ اپنی سابقہ دشمنی کا اعتراف کر لیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ شروع میں ہم تینوں ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے تھے اور کیریئر کے ابتدائی سالوں میں ایک دوسرے کے حوالے سے شدید دشمنی کا جذبہ رکھتے تھے۔
جب عامر خان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ تینوں کے درمیان کبھی تناؤ رہا؟ تو انہوں نے اعتراف کیا کہ "یقیناً، ہم سب ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنا چاہتے تھے، یہ دشمنی کہلائے گی؟ شاید، لیکن یہ دوستانہ مقابلے کی طرح محسوس ہوتی تھی۔”
عامر خان نے کہا کہ ان اختلافات میں سے کئی میڈیا میں رپورٹ بھی ہوئے تھے، مگر یہ باتوں کا ہونا معمول کی بات ہے کیونکہ دوستی میں بھی اختلافات آ سکتے ہیں۔
عامر خان نے مزید کہا کہ اب ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ 35 سال ہو گئے ہیں، اور اب وہ دشمنی ختم ہو چکی ہے۔ ہم تینوں 1965 میں پیدا ہوئے اور تقریباً ایک ہی وقت میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ اب ہمارے درمیان پہلے سے زیادہ محبت اور دوستی ہے، اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ آرام دہ اور پرسکون محسوس کرتے ہیں۔