ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک مسافر طیارہ الٹ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منیاپولس سے ٹورنٹو جانے والا طیارہ پیر کو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران الٹ گیا۔ پرواز میں تقریباً 80 مسافر سوار تھے۔
ہوائی اڈے کے حکام نے کہا ہے کہ وہ مسافروں اور عملے کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہے ہیں، جبکہ کینیڈین پولیس نے بتایا ہے کہ زیادہ تر مسافر طیارے سے بحفاظت باہر نکل چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لینڈنگ کے دوران ایک بچے سمیت کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر محفوظ بتائے جاتے ہیں۔ حکام واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ٹورنٹو پیئرسن ایئرپورٹ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران ہونے والے واقعے سے آگاہ ہیں، اور ہنگامی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ہنگامی عملے نے طیارے کو گھیر لیا اور آگ سے بچنے کے لیے اسپرے کیا۔