لاہور کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ پر ہلکی بارش ہوئی جبکہ کوپر روڈ، ریلوے اسٹیشن اور مغل پورہ میں موسلا دھار بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ ڈیفنس، پنجاب سوسائٹی، شنگھائی روڈ، کچا جیل روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، شوکت ٹاؤن، والٹن اور مولانا شوکت علی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد سموگ کی شدت میں کمی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو خشک سردی سے بہت زیادہ ریلیف ملے گا اور اس کے ساتھ انہیں فلو اور کھانسی سے بھی تحفظ ملے گا۔
دریں اثناء لیسکو کے 280 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
قصور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔