ٹائیٹینک حادثے میں 7 سو افراد کی جانیں بچانے والے جہاز کے کپتان کو دی جانے والی سونے کی جیبی گھڑی ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوگئی۔
عالمی میڈیا کے مطابق 18 قیراط کی گھڑی نیلامی میں تقریباً 2 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی۔ اس طرح اس اس گھڑی نے ٹائیٹینک کے یادگاری اشیاء کیلئے سب سے زیادہ قیمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
واضح رہے کہ حادثے میں زندہ بچ جانے والی تین خواتین نے یہ گھڑی کیپٹن آرتھر راسٹرن کو دی تھی، جس نے اپنی مسافر بردار کشتی، آر ایم ایس کارپیتھیا کو ٹائیٹینک کے بچ جانے والوں کو بچانے کیلئے سمت تبدیل کی تھی، جب ٹائیٹینک 1912 میں اپنی پہلی روانگی کے دوران شمالی اٹلانٹک میں برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا تھا۔
نیلامی کے منتظمین، ہنری ایلڈرج اینڈ سن، جنہوں نے یہ گھڑی امریکہ میں ایک نجی خریدار کو 1.56 ملین برطانوی پاؤنڈز (تقریباً 2 ملین ڈالر) میں فروخت کی، نے کہا کہ یہ ٹائیٹینک کی یادگاری اشیاء کے لیے سب سے زیادہ قیمت ہے۔ اس قیمت میں ٹیکس اور خریدار کے ذریعے ادا کی جانے والی فیس بھی شامل ہے۔
گھڑی کیپٹن راسٹرن کو جان جیکب ایسٹر کی بیوہ نے دی تھی، جو اس تباہی میں مرنے والے سب سے امیر شخص تھے، اور دو دیگر امیر کاروباری شخصیات کی بیواؤں نے بھی اسے دی تھی جو جہاز کے ساتھ ہی غرق ہو گئے تھے۔