اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان اور پرتگال کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کے موقع پر دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور نئے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں خصوصاً نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار، آئی ٹی سیکٹر میں شراکت داری اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے پر بات ہوئی۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں تاریخی پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور تعمیری رابطوں کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان اور پرتگال نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس میں نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار،آئی ٹی تعاون اور تجارتی روابط کو مرکزی حیثیت دی گئی۔یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں پرتگال کے سفارتخانے میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آیا،جہاں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پینہیرو دا سلوا سے تفصیلی بات چیت کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان اور پرتگال نے 7 نومبر 1949 کو سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک کے روابط دوستانہ، خوشگوار اور باہمی احترام پر مبنی رہے ہیں۔فریقین نے دو طرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ بدلتے عالمی حالات کے تناظر میں تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔گفتگو میں نوجوانوں کے لیے پائیدار اور بامقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کی آبادیاتی ساخت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کی مجموعی آبادی 241 ملین سے تجاوز کر چکی ہے،جس میں تقریباً 70 فیصد نوجوانوں کی عمر 30 سال سے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں تیزی سے ابھر رہی ہے،جس میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے۔ملاقات میں دو طرفہ تجارت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارتی حجم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور 2024 میں یہ 221 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔دونوں جانب سے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ تعاون کے نئے شعبے تلاش کر کے تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے،خاص طور پر آئی ٹی سیکٹر میں جہاں پاکستانی اور پرتگالی کمپنیاں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے باہمی فائدہ حاصل کر سکتی ہیں۔پرتگالی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تقریباً 54 ہزار سے زائد پاکستانی شہری یا پاکستانی نڑاد افراد پرتگال میں مقیم ہیں،جو دونوں ممالک کے درمیان سماجی اور ثقافتی روابط کی مضبوطی کی عکاسی کرتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے،نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور مستقبل میں تعمیری روابط کو جاری رکھنے کے لیے باقاعدہ اور مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔