اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)جاپان کے جنوبی صوبے کوماموتو پریفیکچر میں 7.1 شدت کے شدید زلزلے نے نظام زندگی کو متاثر کر دیا،جس کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع اور ٹرانسپورٹ کا نظام عارضی طور پر معطل ہو گیا۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے کئی سڑکوں کو نقصان پہنچا،مختلف عمارتیں متاثر ہوئیں جبکہ بعض علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔جاپانی حکام نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے کہا ہے کہ زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں،بعض علاقوں میں بجلی کی بندش اور آگ لگنے کے واقعات پیش آئے جبکہ سڑکوں،پلوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی جزیرے کیوشو کے علاقے میں تھا،جس کے بعد ممکنہ آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ساحلی علاقوں کے لیے ایک میٹر تک بلند سمندری لہروں کے خدشے کے باعث سونامی ایڈوائزری بھی جاری کی گئی تاہم بعد ازاں حکام نے بتایا کہ اب تک کسی خطرناک سونامی سرگرمی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا۔زلزلے کے بعد کوماموتو اور دیگر متاثرہ علاقوں میں تقریباً 40 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی جبکہ ریلوے سروسز بھی عارضی طور پر روک دی گئیں۔حکام کے مطابق علاقے میں موجود جوہری بجلی گھروں کو کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے معمول کا حصہ ہیں۔ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں آنے والے شدید زلزلوں کا ایک بڑا حصہ جاپان میں ریکارڈ کیا جاتا ہے کیونکہ یہ ملک زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے۔دوسری جانب میکسیکو کے مختلف علاقوں میں بھی 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہاں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
جاپان میں 7.1 شدت کا قیامت خیز زلزلہ،50 سے زائد زخمی،ہزاروں گھروں کی بجلی بند،سونامی الرٹ جاری
15