بلوچستان کے ژوب ڈویژن کے ضلع شیرانی میں ایک بس کھائی میں گرنے سے چھ افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔
لیویز کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمت بس اسلام آباد سے کوئٹہ جا رہی تھی۔ بلوچستان حکومت نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان میں متعدد حادثات رونما ہوئے، جن میں درجنوں افراد کی جانیں گئیں۔ واضح رہے کہ 25 اگست کو زائرین کو لے جانے والی ایک بس مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک کھائی میں گر گئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں 11 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
اسی دن کہوٹہ-راولپنڈی روٹ پر ایک اور بس حادثے میں 25 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 17 مرد، 7 خواتین اور 1 بچہ شامل تھا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب راولپنڈی سے پالندری جانے والی مسافر بس آزاد پتن کے علاقے گراری پل کے قریب گہری کھائی میں جاگری۔ ایک شدید زخمی مسافر کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔