شمالی بھارت میں ایک مذہبی اجتماع کے دوران لکڑی کا پلیٹ فارم گرنے سے کم از کم پانچ عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور 40 دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ دارالحکومت نئی دہلی کے شمال میں واقع ضلع باغپت میں پیش آیا، جہاں جین مذہب سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں عقیدت مند مٹھایاں چڑھانے کیلئے ایک مندر میں جمع تھے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسمیتا لال نے اے ایف پی کو بتایا کہ لکڑی کا پلیٹ فارم گرنے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چالیس دیگر زخمی ہوئے جن میں سے 20 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی نیوز نیٹ ورک کے مطابق، یہ پلیٹ فارم ہر سال تہوار کے دوران جین دیوتا آدیناتھا کی نجات کیلئے بنایا جاتا ہے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لاکھوں عقیدت مند کمبھ میلہ میں شرکت کر رہے ہیں، جو کہ قریبی شہر پریاگ راج میں سابقہ الہ آباد میں منعقد ہونے والا عبادت اور رسمی غسل کا ایک ہندو تہوار ہے۔