پاکستان کے مختلف علاقوں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر (این ایس ایم سی) نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
لاہور، سرگودھا، چنیوٹ، اوکاڑہ، جڑانوالہ، شورکوٹ، ملتان، فیصل آباد، میانوالی، ساہیوال، فاروق آباد اور مالاکنڈ، لکی مروت، چترال، میانوالی، قصور، حافظ آباد سمیت پنجاب اور کے پی کے دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پی ایم ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ڈی جی خان کے قریب تھا۔ تاہم اس کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ منگل کو خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں، زیادہ تر سوات میں 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
جولائی میں، خیبر پختونخواہ (کے پی) کے ضلع سوات اور گردونواح میں 4.7 کی شدت کے کا زلزلہ آیا تھا۔