لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)غزہ میں جاری جنگ اور غیر معمولی حالات کے باوجود تعلیم کا سفر جاری رہا،الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے تعاون سے زیر تعلیم 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری(بی ڈی ایس) کی ڈگریاں مکمل کر لیں۔لاہور میں منعقدہ گریجویشن تقریب میں فلسطینی نوجوانوں کی تعلیمی کامیابی کو سراہا گیا،جہاں انہیں اسناد اور ڈینٹل کٹس بھی فراہم کی گئیں۔ تقریب میں الخدمت فاونڈیشن کی قیادت،فلسطینی سفیر اور شعبہ طب سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی جبکہ مقررین نے ان نوجوان ڈاکٹروں کو جنگ زدہ فلسطین کے مستقبل کے معمار قرار دیا۔

ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پروقار تقریب میں 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری(بی ڈی ایس) کی ڈگریاں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔ جنگ،نقل مکانی اور غیر معمولی حالات کے باوجود ان نوجوانوں کی تعلیمی کامیابی کو عزم،حوصلے اور امید کی علامت قرار دیا گیا۔گریجویشن تقریب میں صدر الخدمت فاونڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید،نائب صدر الخدمت ائیر مارشل(ر)ارشد ملک،چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور محمد اویس روف،پرنسپل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج،اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاونڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ،مشکلات اور شدید انسانی بحران کے باوجود فلسطینی طلبہ کی کامیابی دنیا کے لیے امید اور استقامت کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن نے فلسطینی نوجوانوں کی تعلیم اور مستقبل کی تعمیر کے لیے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاونڈیشن اور یونیورسٹی آف لاہور کے اشتراک سے 38 فلسطینی طلبہ کو بیچلرز آف ڈینٹل سرجری کی اسناد کے ساتھ ڈینٹل کٹس بھی فراہم کی گئیں جبکہ ایک سالہ کلینیکل ہاوس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے فلسطینی طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مکمل بحالی اور وہاں کے مستقبل کے معماروں کی تیاری تک الخدمت فاونڈیشن اپنی تعلیمی و اخلاقی سرپرستی جاری رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ ”الخدمت فلسطین سکالر شپ پروگرام“ کے تحت اس وقت پاکستان میں 450 سے زائد جبکہ قاہرہ میں 38 فلسطینی طلبہ زیر تعلیم ہیں،جنہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف سہولیات اور معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی طلبہ کو اپنے بچوں کی طرح محبت،تحفظ اور سہارا دیا،جس سے انہیں مشکل حالات میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملا۔فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان ڈاکٹرز مستقبل میں غزہ اور فلسطین کے عوام کی طبی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور اپنے وطن کی تعمیر و بحالی میں حصہ لیں گے۔تقریب میں فلسطینی گریجویٹس نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ڈگری حاصل کرنے والے احمد عطااللہ محمد جبر نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے،یہاں ملنے والی محبت،شفقت اور تحفظ نے ہمیں مشکلات کا مقابلہ کرنے کی طاقت دی۔انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے وطن واپس جا کر زخمی اور بیمار فلسطینیوں کی خدمت کریں گے اور پاکستان کی اس محبت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔تقریب کے اختتام پر فلسطینی طلبہ کو ڈگریاں اور اعزازات دیے گئے جبکہ شرکا نے ان نوجوانوں کی کامیابی کو تعلیم،انسانیت اور امید کی فتح قرار دیا۔


