Home » بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا دھڑا دھڑ آپریشن،بھارتی پراکسیز سمیت 36 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا دھڑا دھڑ آپریشن،بھارتی پراکسیز سمیت 36 دہشتگرد ہلاک

by ahmedportugal
22 views
A+A-
Reset

کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک) بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں کیے گئے متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں 36 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں مستونگ، کوئٹہ،قلات اور سبی کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشتگرد شامل تھے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی،جس کے دوران 6 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی سکیورٹی فورسز نے موقع پر ہی تلف کردیئے۔

کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھی سکیورٹی فورسز نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا،جس کے نتیجے میں 26 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔اسی سلسلے میں قلات میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا،جہاں مقابلے کے دوران 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سبی کے علاقے بھاگ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کی اور مزید 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ بلوچستان میں گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 48 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق رواں سال 2026 کے دوران بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف آپریشنز کے نتیجے میں اب تک 1188 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں عزمِ استحکام وژن کے تحت جاری رہیں گی۔ترجمان کے مطابق انسدادِ دہشتگردی آپریشنز آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے بیان میں صدر مملکت نے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں میں دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور دہشتگردوں کو پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیابی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے 36 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے ملک میں کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہوگی،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور قوم کی حمایت سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز