وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں ایک رپورٹ پیش کی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2024 کے پہلے 10 مہینوں میں پاکستان بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی 12,801 آپریشنز کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں میں 341 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ملک میں کالعدم تنظیموں کی مجموعی تعداد 82 ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2024 تک 800 افراد کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب سے 400، خیبرپختونخوا سے 203، بلوچستان سے 173، سندھ سے 21، اور گلگت بلتستان سے 3 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔
صوبائی اور علاقائی انسداد دہشت گردی کے محکموں نے مارچ 2024 تک 2,350 مقدمات درج کئے۔ دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق مقدمات میں، 2,466 افراد کو گرفتار کیا گیا، اور 526 کو سزا سنائی گئی۔ فورسز نے دہشت گردوں سے مجموعی طور پر 581 ملین روپے کی رقم برآمد کی۔