راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 27 مبینہ خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں میران شاہ کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 افراد ہلاک ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے عناصر متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ میران شاہ میں ایک ممتاز شخصیت کے قتل میں ملوث عناصر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کو اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن،72 گھنٹوں میں 27 دہشت گرد ہلاک
9