لزبن(ایگزو نیوز ڈیسک)پرتگال میں ایک دوستانہ فٹبال میچ اس وقت افسوسناک واقعے میں تبدیل ہو گیا جب 25 سالہ کھلاڑی کوین کاسترو کھیل کے دوران اچانک گر پڑے اور جانبر نہ ہو سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ لزبن میں کھیلے جانے والے ایک دوستانہ میچ کے دوران پیش آیا،جہاں کوین کاسترو اپنے کلب ریئل ایس سی ساڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایسٹریلا دا امادورا کے خلاف میدان میں موجود تھے۔رپورٹس کے مطابق میچ جاری تھا کہ نوجوان فٹبالر اچانک گراونڈ پر گر گئے۔واقعے کے بعد فوری طور پر امدادی اقدامات کیے گئے تاہم ان کی جان نہ بچائی جاسکی اور وہ موقع پر ہی انتقال کرگئے۔کوین کاسترو کی اچانک موت کی فوری طور پر کوئی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔حکام کی جانب سے واقعے کے پس منظر اور کھلاڑی کی موت کی وجوہات سے متعلق مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔لزبن فٹبال ایسوسی ایشن نے نوجوان کھلاڑی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کوین کاسترو کے اہل خانہ،دوستوں اور ان کے کلب ریئل ایس سی ساڈ سے دلی تعزیت کی۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایک نوجوان کھلاڑی کا یوں اچانک دنیا سے چلے جانا فٹبال سے وابستہ پوری برادری کے لیے انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔
دوسری جانب ریئل سپورٹس کلب نے بھی کوین کاسترو کی خدمات اور شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔کلب کے مطابق کوین محض ٹیم کے ایک کھلاڑی نہیں تھے بلکہ وہ کلب کے خاندان کا اہم حصہ تھے اور اپنے ساتھیوں،دوستوں اور کلب سے وابستہ افراد پر گہرا اثر چھوڑ گئے۔نوجوان فٹبالر کی دورانِ میچ اچانک موت نے کھیلوں کی دنیا میں ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ کھیل کے میدان میں بظاہر مکمل طور پر فِٹ نظر آنے والے کھلاڑی بھی اچانک طبی ہنگامی صورتحال کا شکار ہوسکتے ہیں تاہم کوین کاسترو کی موت کی اصل وجہ کا تعین متعلقہ طبی و حکام کی حتمی رپورٹ کے بعد ہی ہو سکے گا۔واقعے کے بعد فٹبال سے وابستہ حلقوں میں سوگ کی کیفیت پائی جاتی ہے جبکہ کوین کاسترو کے کلب اور ساتھی کھلاڑی ان کی اچانک موت پر گہرے صدمے میں ہیں۔