اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا تباہ کن سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور جانی و مالی نقصان میں مزید اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے،حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بھی تیز ہو رہا ہے تاہم بارشیں اتنی شدید ہیں کہ امدادی کارکن بھی بے بس دکھائی دے رہے ہیں،دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں،جس کے مطابق 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں سے 234 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مون سون 2025 کی 26 ویں رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔جاں بحق افراد میں 7 بچے شامل ہیں،خیبرپختونخوا کے اضلاع تورغر اور اپر دیر میں مکانات گرنے سے 4 جبکہ سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جبکہ زخمی افراد کا تعلق خیبرپختونخوا کے اضلاع بونیر، تورغر، سوات اور اپر دیر سے ہے،جن میں مرد،خواتین اور بچے شامل ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے اب تک جاری مون سون سلسلے کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 234 افراد جاں بحق اور 592 زخمی ہو چکے ہیں۔پنجاب میں سب سے زیادہ 135 ہلاکتیں ہوئیں، خیبر پختونخوا میں 46،سندھ میں 22 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے بھی جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔اس دوران مجموعی طور پر 804 مکانات کو نقصان پہنچا،جن میں 211 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں،گلگت بلتستان میں 16،آزاد کشمیر میں 14،خیبر پختونخوا میں 225،سندھ میں 90 اور پنجاب میں 177 مکانات متاثر ہوئے۔مختلف حادثات میں 220 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔سندھ میں سب سے زیادہ 90 مویشی ہلاک ہوئے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بھی مویشیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں۔این ڈی ایم اے نے بتایا کہ گزشتہ روز سندھ میں 28 ڈی واٹرنگ پمپ اور 60 ترپالیں متاثرہ علاقوں میں بھجوائی گئیں جبکہ مجموعی طور پر 500 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔پنجاب میں 24 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جبکہ سندھ میں 176 افراد ریلیف کیمپس میں مقیم ہیں۔متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر ادارے الرٹ پر ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں
10