Home » انصاف تک رسائی میں پھر رکاوٹ؟190 ملین پاونڈ کیس،وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیل خطرے میں

انصاف تک رسائی میں پھر رکاوٹ؟190 ملین پاونڈ کیس،وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیل خطرے میں

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)190 ملین پاونڈ کیس میں اپیل دائر کرنے کا عمل ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے، جہاں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے، جس کے باعث قانونی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ دستاویزات جیل حکام کو پیش کیے جا چکے تھے تاہم مقررہ وقت میں دستخط نہ ہونے کے باعث سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تیاری متاثر ہوئی ہے، جس پر انصاف تک رسائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے حوالے سے نئے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق 190 ملین پاونڈ کیس میں قانونی پیش رفت اس وقت تعطل کا شکار ہو گئی جب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے، جس کے باعث سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا عمل موخر ہو گیا۔اس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم چار گھنٹے طویل انتظار کے باوجود وہ مطلوبہ دستخط حاصل کیے بغیر واپس لوٹ گئے۔وکیل خالد یوسف چوہدری کے مطابق 190 ملین پاونڈ کیس سے متعلق وکالت نامے 25 مئی کو ہی جیل حکام کو موصول ہو چکے تھے تاہم انتظامیہ کی جانب سے انہیں عید کے بعد آنے کا کہا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بارہا کوششوں کے باوجود اب تک وکالت ناموں پر دستخط نہیں کروائے جا رہے،جس سے اپیل کے آئینی اور قانونی حق پر اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اس تاخیر کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے انصاف تک رسائی کے بنیادی حق میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔

وکیل کے مطابق ان کا مقصد درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا ہے مگر دستخط نہ ہونے کے باعث یہ عمل ممکن نہیں ہو پا رہا۔خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ 25 مئی کو انہیں ایک وکالت نامہ میڈیکل پٹیشن سے متعلق فراہم کیا گیا تھا تاہم مرکزی کیس یعنی 190 ملین پاونڈ کیس کے دستاویزات تاحال زیر التوا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی میں اس قسم کی تاخیر نہ صرف مقدمے کی رفتار کو متاثر کرتی ہے بلکہ انصاف کے تقاضوں کے بھی منافی ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مذکورہ کیس پہلے ہی ملکی سیاست اور عدالتی نظام میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے، اور اس میں ہر قانونی مرحلہ خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز