بلوچستان کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران اٹھارہ فوجی جوان شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعے کو ضلع ہرنائی میں ایک آپریشن میں گیارہ عسکریت پسند مارے گئے، جبکہ بارہ دیگر ضلع قلات میں رات گئے ابتدائی جھڑپ میں مارے گئے۔ دہشت گردوں نے 31 جنوری اور 1 فروری کی درمیانی رات قلات کے ایک علاقے میں راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کا مقصد بنیادی طور پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا تھا۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جس سے مقامی آبادی کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔ تاہم، آپریشن کے دوران قوم کے اٹھارہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کی۔