فیصل آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جہاں اس بار بھی ہونہار طالبات نے اپنی شاندار کارکردگی سے سبقت لے لی اور نمایاں پوزیشنیں حاصل کر کے ثابت کر دیا کہ لگن اور محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے جبکہ فیصل آباد میں لڑکوں نے نتائج میں سبقت حاصل کر لی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق راولپنڈی بورڈ میں پہلی پوزیشن پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی اریج شفقت حیات نے 1148 نمبر حاصل کر کے اپنے نام کی۔اسی ادارے کی عائشہ مشتاق نے 1139 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ رائل کالج آف سائنسز گرلز چکوال کی ایمان فاطمہ 1138 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو کل فاطمہ جناح یونیورسٹی آڈیٹوریم میں انعامات سے نوازا جائے گا۔فیصل آباد بورڈ کے نتائج کے مطابق نجی کالج کے محمد زین نے 1163 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،محمد محمود احمد خان 1161 نمبروں کے ساتھ دوسرے اور محمد نعمان مجید 1160 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔سرگودھا بورڈ میں طالبات نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھائی۔ہما عابد نے 1146 نمبروں کے ساتھ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ایلاف سرور اور عدن علی نے 1144 نمبر لے کر مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ عائشہ ضیا 1143 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ساہیوال بورڈ نے بھی انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کیا جس میں اس سال کامیابی کا تناسب 58.88 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔امتحان میں شریک 43 ہزار سے زائد طلبہ میں سے 25 ہزار چار سو ساٹھ کامیاب قرار پائے۔نمایاں طلبہ میں عیشا شفیق نے 1152 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،عثمان محمود نے 1151 نمبروں کے ساتھ دوسری اور زنیرا طارق نے 1150 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔چاروں بورڈز کے نتائج نے اس حقیقت کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے کہ محنتی طلبہ و طالبات اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نہ صرف والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں بلکہ ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں۔بورڈز نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو خصوصی انعامات دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ والدین اور اساتذہ نے بھی کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ہونہار نوجوان اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی میں بھی اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔
انٹرمیڈیٹ نتائج 2025،ہونہار طالبات کا راج،راولپنڈی،ساہیوال اور سرگودھا میں لڑکیوں نے ایک بار پھر میدان مار لیا،فیصل آباد میں لڑکے بازی لے گئے
4