لندن(ایگزو نیوز ڈیسک)برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں 14 اگست کو 15ویں پاکستان اچیومنٹ ایوارڈز کی پروقار تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات اور عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے والے شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں پاکستان کے مایہ ناز گلوکاروں عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی،عارف لوہار اور زیشان روکھڑی سمیت دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب کو چار چاند لگا دیئے جبکہ اس پر وقار تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین،سماجی رہنما،فنکار،کھلاڑی اور کمیونٹی نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب کے مہمان خصوصی استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی)کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے اہم شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق جشن آزادی کے سلسلہ میں برطانیہ کے دارالحکومت سینٹرل لندن میں 15ویں پاکستان اچیومنٹ ایوارڈز کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات اور کامیابیوں کو سراہنے کے لیے منعقد کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی تھے جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو ایوارڈز سے نوازا۔ایوارڈز جیتنے والوں میں تعلیم، بزنس، فنون، کھیل، اور کمیونٹی سروس جیسے مختلف میدانوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شامل تھے۔ شرکاءنے تقریب کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ایک یادگار اور حوصلہ افزا لمحہ قرار دیا۔تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں اور ان کی کامیابیاں نہ صرف ذاتی فخر کا باعث بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کرتی اور پاکستان کی مثبت شناخت کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔ انہوں نے حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے اتحاد، قربانی اور بہادری کا ثمر ہے، اور اس کا جشن دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی یکساں جوش و خروش سے منا رہے ہیں،پاکستان کی بہادر افواج نے پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور آج پاکستانی وطن عزیز کا جشن آزادی پہلی مرتبہ روایات سے ہٹ کر پوری شان و شوکت سے منا رہے ہیں اور اپنے قابل فخر سپہ سالا اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں پوری دنیا میں اپنا سر اٹھانے کا موقع فراہم کیا ۔دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان کی یہ فتح محض ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی وقار اور حوصلے کی علامت ہے۔ شرکاءنے تقریب کو یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد و یکجہتی کی شاندار مثال قرار دیا۔ آخر میں قومی ترانے کی گونج اور پاکستان زندہ باد کے نعروں نے ماحول کو جوش و جذبے سے معمور کر دیا جبکہ عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی اور زیشان روکھڑی کے گائے گئے گیتوں نے تقریب کی رونق کو دوبالا کر دیا ۔
لندن میں 15ویں پاکستان اچیومنٹ ایوارڈز کی پروقار تقریب،شعیب صدیقی کی بطور مہمان خصوصی شرکت،عطاءاللہ عیسی خیلوی،عارف لوہار اور زیشان روکھڑی کے گیتوں نے سماں باندھ دیا
28