فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، صہیونی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 امدادی کارکنوں سمیت 120 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں کوئی کمی نہیں آئی، اور قابض فوج نے آج بھی خان یونس سمیت غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔
وزارت صحت کے مطابق، 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 474 فلسطینی زخمی ہوئے، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی لاشوں کو نکالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 7 اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی حملوں میں 55,104 فلسطینی شہید اور 127,394 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے قابض فوج کے خلاف جوابی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ادھر، اسرائیلی آرمی چیف ایال ضمیر نے شمالی غزہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوجیوں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ حماس کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔