سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کے دوران 12 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا، اس کارروائی میں ایک لانس نائیک بھی شہید ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 5 اور 6 فروری کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کیا گیا جس کے دوران 12 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں لانس نائیک محمد ابراہیم نے جام شہادت نوش کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا کام دیتی ہیں۔