Home » کوٹ ادو میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں،باراتیوں سے بھرا رکشہ نہر میں جاگرا،11 جاں بحق

کوٹ ادو میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں،باراتیوں سے بھرا رکشہ نہر میں جاگرا،11 جاں بحق

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)کوٹ ادو میں شادی کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے جانے والی بارات اس وقت شدید سانحے میں تبدیل ہوگئی جب باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر مظفرگڑھ کینال میں جاگرا۔حادثے کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق افسوسناک حادثہ کوٹ ادو کے علاقے سناواں میں پیش آیا،جہاں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 24 سے زائد افراد لوڈر رکشے میں سوار ہوکر بارات کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق رکشہ اچانک بے قابو ہوا اور سڑک سے پھسل کر نہر میں جاگرا، جس کے باعث سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔حادثے کے بعد موقع پر قیامت کا منظر پیدا ہوگیا اور شادی کی خوشیاں دیکھتے ہی دیکھتے ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے متعدد افراد کو پانی سے نکالنے کی کوشش کی جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔اب تک متعدد افراد کو پانی سے نکالا جاچکا ہے تاہم 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔بعض متاثرین کو زندہ بچا کر طبی امداد کے لیے سناواں کے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ مقامی افراد نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت کئی افراد کو ڈوبنے سے بچایا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں،جہاں شناخت اور دیگر ضروری کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق نہر میں بہہ جانے والے لاپتہ افراد میں کم عمر بچے بھی شامل ہیں،جن کی عمریں 3 سے 14 سال تک بتائی گئی ہیں۔لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسے جائے حادثہ سے تقریباً 20 کلومیٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ریسکیو ٹیمیں غوطہ خوروں اور دیگر دستیاب وسائل کی مدد سے نہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔امدادی اہلکار ممکنہ طور پر پانی کے بہاو کے ساتھ بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے نہر کے اطراف بھی سرچ کر رہے ہیں۔دوسری جانب حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔ابتدائی طور پر رکشے کے بے قابو ہونے کو حادثے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے تاہم حتمی وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 4 کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی،جس میں اہل علاقہ،رشتہ داروں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور شرکا نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔افسوسناک حادثے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کردیا ہے۔ایک خاندان کے متعدد افراد کا شادی کی خوشیوں میں شرکت کے لیے ایک ساتھ سفر کرنا اور پھر اچانک حادثے کا شکار ہوجانا اس سانحے کی شدت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ حکام کی جانب سے سرچ آپریشن مکمل ہونے تک مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے جبکہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کے منتظر ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز