لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)موٹروے پولیس کی جانب سے لاہور سے رحیم یار خان تک قومی شاہراہ پر 10 روزہ خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،اس مہم کا مقصد شاہراہ پر ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مہم میں ہیوی ٹریفک (ایچ ٹی وی)،پبلک سروس وہیکلز(پی ایس وی) اور موٹرسائیکل سواروں کی لین خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق ڈی آئی جی سینٹرل زون سید فرید علی کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی اس مہم کے تحت موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے لازمی استعمال کا پابند بنایا جائے گا، جبکہ موٹرسائیکل کی دیگر خلاف ورزیوں پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مسافر بردار گاڑیوں کی لین خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے اور ہیوی ٹریفک کی لین خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈی آئی جی سید فرید علی نے کہا کہ اس خصوصی مہم کا مقصد قومی شاہراہ پر سفر کو محفوظ بنانا اور حادثات پر قابو پانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو محفوظ اور پرامن سفر فراہم کرنا موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور تا رحیم یار خان قومی شاہراہ پر 10 روزہ خصوصی مہم کا آغاز،خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان
9