لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا) لانچ کر دی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قانون صرف غریب کے لیے نہیں ہے،وہ ایک طاقتور پر بھی اتنی زور سے لاگو ہونا چاہیے جتنا ہم ایک غریب کو غریب سمجھ کے پکڑ لیتے ہیں’پیرا‘ کو کہنا چاہتی ہوں کہ جو جتنا بڑا قانون شکن ہو گا،اس پہ’پیرا‘کی گرفت اتنی ہی مضبوط ہو گی۔
’ایگزو نیوز‘کے مطابق ایکسپو سنٹر لاہور میں پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مہمان خصوصی تھیں،پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اگلے ہفتے سے لاہور ڈویژن میں پوری طرح سرگرم عمل ہو گی بعد ازاں پنجاب بھر میں پیرا دسمبر تک لانچ کر دی جائے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی پیرا فورس سے ملاقات،گاڑیوں اور موٹر بائیکس کا معائنہ اور خواتین ایس ڈی ای او کو دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا سٹیشن تھری ڈی ماڈل،ہتھیار،حفاظتی آلات اور شیلڈ اور دیگر گیجٹ کا معائنہ اور پیراسٹیشن پر بٹن دبا کر ٹوکن حاصل کرنے اور شکایت کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا ٹریننگ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چار افسران کو سرٹیفکیٹ دیئے،ڈی جی پیرا کپٹین(ر)فرخ عتیق نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی غرض وغایت تفصیل سے بیان کیں اور پیرا قیام کے لئے غیر مشروط سپورٹ پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں پیرا کے قیام کا خیال حقیقت کا روپ دھار چکا ہے،چند ماہ پہلے پیرا کے آئیڈیا کو عملی شکل اختیار کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں،پیرا فورس کی ٹریننگ اور تیاری دیکھ کر خوشی ہوئی،سی ایم بننے پر ادارک ہوا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب میں کوئی باقاعدہ اد ارہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پیرا کے ذریعے قانون کے نفاذ سے پنجاب میں نیا دور شروع ہو گا،پیرا ظلم کے خلاف مظلوم کے لئے ڈھال بنے گی،میری اور عوام کی نظر پیرا پر،پیرا کی نظر مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات پر ہو گی،پیرا کو اب عوام کا اعتماد جیتنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگ زندگی بھر کی کمائی سے زمین کا ٹکڑا خریدتے ہیں،انہیں قبضہ مافیا سے بچانا ہے،پیرا کا ہر افسر اور جوان مظلوم کا محافظ اور ظالم کے لئے دہشت کی علامت بنے گا،پرائس کنٹرول مینجمنٹ کے لئے کمشنر،ڈی سی اور ریونیور ڈپیارٹمنٹ کی خدمات لی جاتی تھیں،کب تک انتظامیہ کو مہنگائی، منافع خوری اور تجاوزات کے خاتمے لئے بھاگتے رہیں گے؟پرائس کنٹرول اور تجاوزات کی صورتحال کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کرکے پیرا کے قیام کا فیصلہ کیا،مجھے خوشی ہے کہ لاہور میں اگلے ہفتے سے پیرا مکمل طور پر فعال ہو گی،چند ماہ کی قلیل مدت میں پیرا جیسا ادارہ قائم کرنے پر ڈی جی کیپٹن(ر)فرخ عتیق کو شاباش دیتی ہوں، انہوں نے اتھارٹی کے قیام کے لئے انتہائی پروفیشنل طریقے سے کام کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بزرگوں کا بہت احترام ہے لیکن نوجوانوں پر یقین کرتی ہوں،بزرگوں کے تجربے سے مستفید ہوتے ہیں لیکن ہمیشہ ینگسٹر کو ترجیح دی،پیرا کے قیام سے پنجاب کے گلی محلے میں قانون کے نفا ذسے انقلاب برپا ہو گا،پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں پیرا سٹیشن قائم کریں گے،عوام کے لئے پیرا فورس کو سینکڑوں گاڑیان اور ڈیجیٹل آلات سمیت دیگر سہولتیں فراہم کررہے ہیں،پنجاب کی 144 تحصیلوں میں پیرا سٹیشن قائم کیے جائیں گے،پیرا افسران اور نوجوانوں کی آنکھوں میں پاکستانیت نظر آتی ہے،پنجاب کا ہرفرد ریاست ہے،پیرا کا کام ظالم کے سامنے آ کر مظلوم کی مدد کرنا ہے،پیرا فورس میری آنکھ اور کان ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پیرا فورس ہر ظلم پر نظر رکھے گئی اور ذخیرہ اندوزی،تجاوزات کے خاتمے کے لئے اپنا کام سرانجام دے گی،منافع خوروں کو کھلا چھوڑیں تو قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو جائیں،پنجاب میں منافع خور اب پیرا کی نظروں سے نہیں بچ سکیں گے،قانون کا اگر نفاذ نہیں تو کاغذ پر لکھے حروف سے زیادہ کچھ نہیں،پیرا کی بدولت اب قانون کی عمل داری ہر شہر اور ہر گاؤں میں نظر آئے گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈالا کلچر بالکل پسند نہیں،پولیس اس کے خلاف آپریشن کر رہی ہے،بیٹے کو روک کر چالان کرنے والے پولیس اہلکار پر فخر ہے،مجھے اپنے بیٹے پر بھی فخر ہے جس نے چالان ہونے پر پولیس اہلکار کو شاباش دی، قانون صرف غریبوں کے لئے نہیں ہوتا،طاقتور لوگوں پر بھی یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے،اب ہر کمزور کے ساتھ ریاست کھڑی ہو گی، فرسودہ سوچ بدلنے کا وقت آ گیا ہے،پیرا فورس کو کہتی ہوں کہ ہمیشہ ایمانداری سے کام کرنا،کرپشن سے کمایا پیسا نقصان کا باعث اور بیماریوں پر لگتا ہے،حلال آمدن میں برکت ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بہادر لوگ پسند ہیں،متزلزل اور گھبرانے والے میرے لشکر کا حصہ نہیں بن سکتے،بہادری نعمت ہے،ڈٹ کر چلیں اور ایمانداری سے کام کر یں،ایمانداری سے کام کریں گے تو لوگ سر پر بیٹھاتے ہیں،ماضی میں صوبے کی ایڈمنسٹریشن ایک کے بعد دوسرے کام کے پیچھے بھاگتی رہتی تھی،مہنگائی اور دیگر عوامل پر 24/7 اور 12 ماہ کام ہونا چاہیے تھا،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے چھاپوں کے لئے لوگ رکھے ہوتے تھے اور وہ لوگ بھتہ لے رہے تھے، نقصان عوام کو پہنچتا تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں تجاوزات ہٹانے کے لئے بلا امتیاز ایکشن کے خاطر خواہ اور شاندار نتائج سامنے آئے،تجاوزات کی وجہ سے تنگ بازاروں میں رش اور ہجوم میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا تھا،اب ایسے نہیں ہو گا،تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ بازار خواتین کے لئے محفوظ اور بہتر ہو گئے ہیں،بازاروں سے تجاوزات ختم کرنے سے دکانداروں کی سیل بڑھی اور ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوا ہے۔تقریب میں صوبائی کابینہ،ارکان اسمبلی،سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔