لاہور: (اسلم مراد سے) منکی پاکس کی بڑھتی ہوئی وبا کے باعث ملک بھر کے ائر پورٹس پر حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں جس کے تحت تمام ائر لائنز کو دوران پرواز مسافروں اور عملے کو ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور عملہ کو کہا گیا ہے کہ دوران پرواز مسلسل سینی ٹائزر استعمال کریں ۔ اور کسی مشکوک مریض کی صورت میں فوری ائرپورٹ عملہ کو اطلاع دی جائے ۔ قبل ازیں سول ایوی ایشن نے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق دو روز کے دوران بیرون ملک سے 140 پروازیں پاکستان آئیں۔
بیرون ملک سے آنے والی پروازوں سے مجموعی طور 19 ہزار 412 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ دو روز میں اسلام آباد ائرپورٹ پر بیرون ملک سے 40 پروازوں سے 5 ہزار 485 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
اسلام آباد ائرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر میں منکی پاکس وائرس کی علامات پر آئیسولیشن میں بھیجا گیابارڈر ہیلتھ سروسز نے ٹیسٹ کرنے پر رپورٹ منفی آنے پر مسافر کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر بیرون ملک سے 32 پروازوں کے ذریعے 6 ہزار مسافروں کی اسکریننگ ہوئی۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بیرون ملک سے 35 پروازوں کے ذریعے آئے 4 ہزار 214 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی کراچی ائرپورٹ پر آنے والے مسافروں میں 52 ڈیپورٹیز بھی شامل تھے۔
ملتان ائرپورٹ پر 12 پروازوں سے 1571 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، پشاور ائرپورٹ پر 6 پروازوں کے ذریعے آئے 682 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
فیصل آباد ائرپورٹ پر بیرون ملک سے 3 پروازوں کے ذریعے 289 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ مسافروں کی ائرپورٹس پر تھرمل مشین کے اسکریننگ کی جارہی ہے۔ ائرپورٹ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ ایرپورٹ پر 10 پروازوں کے زریعے بیرون ملک سے آئے 962 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
کوئٹہ ائرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 207 مسافروں کی منکی پاکس جانچنے کے لیے اسکریننگ کی گئی۔
منکی پاکس کی بڑھتی ہوئی وبا ائیر پورٹس پر حفاظتی انتظامات شروع
10