بنگلادیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن پر قتل کیس کا معاملہ، کپتان نجم الحسین شنٹو اور وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم اپنے ساتھی کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کپتان نجم الحسین شانتو نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکیب الحسن نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی جیت کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹار آل راونڈر ہمارے ملک کا ایک بڑا اثاثہ ہے۔ جو 17 سالوں سے دنیا میں بنگلا دیش کا نام روشن کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، مشفق الرحیم نے کہا، ایک ساتھی اور ایک بھائی کے طور پر میں مشکل وقت میں شکیب الحسن کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں اُن پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ کبھی بھی غیر انسانی حرکتوں میں ملوث نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے مزید کہا میں پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں کہ مجھے اس جیسے چیمپئن کے ساتھ کھیلنے پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ عوامی لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں گارمنٹ فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائد ہے، مقتول کے والد نے ڈھاکا کے تھانے میں شکیب الحسن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ اسٹار کرکٹر کو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے ساتھ مقدمہ قتل میں نامزد کیا گیا ہے۔