لاہور(اسلم مراد ) پاکستان بھر میں حضرت امام حسین نواسہ رسول کے چہلم کی تقریبات مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جارہی ہیں جبکہ حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات بھی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہیں۔
اگر پنجاب کی بات کی جائے تو بارہ ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار چہلم امام حسین اور داتا علی ہجویری کے عرس پر عوام کی سہولت کے لیے موجود ہیں۔ سڑکوں پر ڈائیورشن پلان کے مطابق متبادل راستے کھولے گئے ہیں لاہور میں 44 مجالس اور پانچ جلوسوں اور عرس داتا علی ہجویری کے لیے گیارہ سو ٹریفک اہکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ملتان میں دو سو پچاس ، راولپنڈی میں دو سو پندرہ ، گوجرانوالہ میں ایک سو پچاس ، فیصل آباد میں چار سو اہلکار اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ داتا علی ہجویری کے عرس کے آخری دن زائرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر پارکنگ کے اضافی انتظامات کیے گئے ہیں۔