پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج 22 اگست کا جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی، موٹر وے اور لاہور کے خارجی راستوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔
حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کیلئے ہزاروں پولیس اہلکار پارٹی کے اراکین اسمبلی کے گھروں، احتجاج کے پوائنٹس اور لاہور کے خارجی راستوں پر تعینات کیے تھے۔ لاہور کے ٹھو کر نیاز بیگ پر پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ رکن اسمبلی فیصل جاوید مون ناکہ بندی توڑ کر اسلام آباد پہنچ گئے۔ حافظ ذیشان کو موٹر وے پر رکنا پڑا کیونکہ موٹر وے پولیس نے بڑے بڑے ٹرک اور کنٹینر کھڑے کرکے موٹر وے بند کردی گئی تھی۔
لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ پر اپوزیشن لیڈر پنجاب احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، حکومت نے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اراکین اسمبلی اور کارکنوں کو گھروں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں مارا پیٹا گیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔