پری پیڈ میٹرز کی متعداد بار تجویز زیر غور آنے کے بعد وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اس حوالے سے حکومت کی خواہش سے عوام کو آگاہ کر دیا ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ جیسے صارفین کے موبائل فون میں پری پیڈ سسٹم ہوتا ہے اسی طرح کا اُن کو بجلی کا میٹر بھی ملنا چاہیے۔ انہوں نے بجلی کی انتہائی زیادہ قیمتوں میں ریلیف دینے کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
اویس لغاری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ٹائم فریم دیتے ہوئے کہا، پنجاب حکومت نے 45 ارب روپوں کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جو ہر صارف تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر توانائی نے بجلی چوری کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسا کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔