لاہور(اسلم مراد ) اسرائیل کی جانب سے ایران میں حماس کے سربراہ کے قتل کے بعد ایران نے حملہ کرنے اور بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ حملہ کب ، کہاں اور کیسے ہوگا کوئی نہیں جانتا لیکن حیران کن طور پر ایران اسرائیل کشیدگی سے افغانستان کے وارے نیارے ہوگئے ہیں اور وہ دھڑ دھڑ ڈالر کمارہے ہیں لیکن کیسے چلیں آپ کو بتاتے ہیں ۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعے کے باعث دنیا کے کئی ائیر لائنز نے ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے سے انکار کردیا ہے اس کی بجائے وہ افغانستان کی فضائی حدود استعما ل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ایوی ایشن قوانین کے مطابق جب بھی ائیر لائن کسی ملک کی فضائی حدود استعمال کرتی ہے تو اسے فضائی حدود استعما ل کرنے اورا ریڈاد کی مدد حاصل کرنے کا معاوضہ دیا جاتا ہے ۔ یہی کچھ افغانستان کے معاملے پر بھی ہوا ہے ۔
جرمنی کی لفتھانسا ائیر ، ائیر بنگلہ ، ائیر انڈیا ، سنگاپور ائیر لائن سمیت کئی ائیر لائن اب ایران کی بجائے افغانستان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہیں جس کی وجہ سے افغانستان اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کا کرایہ وصول کررہا ہے ۔ افغانستان ایوی ایشن کے مطابق روزانہ 265ائیر لائنز افغانستان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہیں ہر ائیر لائن روزانہ سات سو ڈالر افغان ایوی ایشن کو دیتی ہے گویا اس طرح افغانستان صرف جہازوں کے گزرنے کے باعث روزانہ 5کروڑ 19لاکھ 40 ہزار پاکستانی روپے کمائی کررہا ہے